کرن سنگھ گروور سے علیحدگی کے 12 سال بعد جینیفر ونگیٹ دوسری شادی کر رہی ہیں؟

جینیفر ونگیٹ سنگاپور سے تعلق رکھنے والے اسماعیل ولیم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تیاری کر رہی ہیں


ویب ڈیسک June 08, 2026

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ جینیفر ونگیٹ ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ سابق شوہر کرن سنگھ گروور سے طلاق کے تقریباً 12 سال بعد اداکارہ کی ممکنہ شادی سے متعلق افواہوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

جینیفر ونگیٹ اور کرن سنگھ گروور نے 2012 میں شادی کی تھی۔ دونوں کی محبت کا آغاز مقبول ٹی وی ڈرامے ’دل مل گئے‘ کے سیٹ سے ہوا تھا۔ ابتدا میں دونوں قریبی دوست تھے، تاہم ایک نجی شادی کی تقریب میں ملاقاتوں کے بعد یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔

اگرچہ مداح اس جوڑی کو بے حد پسند کرتے تھے، لیکن شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور باہمی اختلافات کے باعث 2014 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔

اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 41 سالہ جینیفر ونگیٹ سنگاپور سے تعلق رکھنے والے اسماعیل ولیم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کی منگنی بھی ہو چکی ہے اور مبینہ طور پر حالیہ تعطیلات کے دوران اسماعیل ولیم نے جینیفر کو شادی کی پیشکش کی تھی۔

رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ جوڑا ستمبر اور اکتوبر یا پھر دسمبر اور جنوری کے درمیان شادی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک جینیفر ونگیٹ یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

دوسری جانب سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد ان افواہوں پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد وہ ہمیشہ جینیفر کو خوش دیکھنا چاہتے تھے اور اگر یہ خبریں درست ہیں تو یہ ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔

ایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر اسماعیل واقعی اچھے انسان ہیں تو جینیفر اس خوشی کی مکمل حقدار ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ جینیفر کو آخرکار وہ سب کچھ مل رہا ہے جس کی وہ مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ جینیفر سے علیحدگی کے بعد کرن سنگھ گروور نے 2016 میں بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو سے شادی کر لی تھی۔ اب جینیفر ونگیٹ کی ممکنہ شادی کی خبریں ایک بار پھر ان کی ذاتی زندگی کو مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہی ہیں۔