برٹش اوپن اسکواش: مصر کی نوجوان کھلاڑی نے 94 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

مقابلے کا آغاز نور الشربینی کے حق میں رہا تاہم امینہ عرفی نے زبردست واپسی کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی


اسپورٹس ڈیسک June 08, 2026

مصر کی نوجوان اسکواش اسٹار امینہ عرفی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برٹش اوپن ویمنز ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور اس کے ساتھ ہی 94 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میں 18 سالہ عرفی نے اپنی ہم وطن اور تجربہ کار کھلاڑی نور الشربینی کو 1-3 سے شکست دی۔

مقابلے کا آغاز نور الشربینی کے حق میں رہا تاہم امینہ عرفی نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز جیت لیے۔

اس کامیابی کے ساتھ وہ برٹش اوپن ویمنز چیمپئن بننے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز سوسن نول کے پاس تھا جنہوں نے 1932 میں 19 سال اور آٹھ ماہ کی عمر میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

امینہ عرفی گزشتہ ماہ ویمنز ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہیں، جہاں انہوں نے نور الشربینی کو شکست دے کر کم عمر ترین عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

برٹش اوپن کے سیمی فائنل میں انہوں نے عالمی نمبر ایک ہانیہ الحمامی کو 110 منٹ طویل میراتھن مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

مردوں کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے پال کول نے مصر کے عالمی نمبر ایک مصطفیٰ عسل کو 1-3 سے ہرا کر اپنے کیریئر کا تیسرا برٹش اوپن ٹائٹل جیت لیا۔