ورلڈکپ کے آغاز سے قبل فیفا اور انفینٹینو کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز

فیفا کے اندر بعض حلقوں نے ایسے اقدامات کیے جن کا مقصد مجھے فیفا کی صدارت کے انتخاب سے باہر کرنا تھا، پلاٹینی


اسپورٹس ڈیسک June 09, 2026

یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا کے سابق صدر پلاٹینی نے فیفا اور اس کے موجودہ صدر جیانی انفینٹینو کے خلاف فرانس میں سول اور فوجداری مقدمات دائر کر دیے ہیں۔

پلاٹینی کا مؤقف ہے کہ 2015 میں سامنے آنے والے بدعنوانی کے الزامات نے فیفا کی صدارت حاصل کرنے کی ان کی کوشش کو نقصان پہنچایا۔

پیرس میں دائر فوجداری مقدمات میں جیانی انفینٹینو، فیفا کے سابق قانونی ڈائریکٹر مارکو ویلیگر اور سابق آڈٹ کمیٹی چیئرمین ڈومینیکو اسکالا پر بدنیتی پر مبنی قانونی کارروائی اور اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پلاٹینی نے فیفا کے خلاف ایک الگ سول مقدمہ بھی دائر کیا ہے جس میں انہوں نے مالی نقصان کے مکمل ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فیفا کے اندر بعض حلقوں نے جان بوجھ کر ایسے اقدامات کیے جن کا مقصد انہیں فیفا کی صدارت کے انتخاب سے باہر کرنا تھا۔

یہ تنازع 2015 میں اس وقت سامنے آیا جب پلاٹینی کو فیفا کی جانب سے 20 لاکھ سوئس فرانک کی ادائیگی کی تفصیلات منظر عام پر آئیں۔

یہ رقم 2011 میں اُس وقت کے فیفا صدر سیپ بلاٹر کی منظوری سے دی گئی تھی۔

بعد ازاں اخلاقی ضابطوں کی خلاف ورزی پر پابندیوں کے باعث پلاٹینی انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے، جبکہ جیانی انفینٹینو 2016 میں فیفا کے صدر منتخب ہو گئے۔