بنگلادیشی کھلاڑی لٹن داس پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگے

لٹن داس کے پاکستان کیخلاف منفی پروپیگنڈے والے اس بیان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے


اسپورٹس ڈیسک June 09, 2026

بنگلادیش کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان لٹن داس نے ایک متنازع بیان دیتے ہوئے پاکستان کے بہترین سیکیورٹی حصار سے متعلق زہر اگل دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے سے متعلق گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے ایسا موازنہ کیا جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

لٹن داس کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا کہ بھارت میں سیکیورٹی خدشات موجود ہیں، تاہم انہوں نے جواب دیا کہ بنگلادیشی ٹیم پاکستان میں بھی کھیل چکی ہے جہاں کھلاڑیوں کے کمروں کے باہر مسلح سیکیورٹی اہلکار تعینات رہتے تھے۔

بنگلادیشی کپتان نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کی ٹیم پاکستان جیسے ماحول میں کھیل سکتی ہے تو پھر بھارت میں کھیلنے میں کیا مسئلہ ہو سکتا ہے۔

ان کے پاکستان کے خلاف غیر ضروری تنقید اور منفی پروپیگنڈے والے اس بیان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کرکٹ حلقوں میں لٹن داس کے حالیہ ریمارکس پر بحث جاری ہے جبکہ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں کامیابی کے ساتھ متعدد بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کی ہے اور اس کے سیکیورٹی انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔