مردان میں جلایا جانیوالاچرچ سرکاری خرچ پر تعمیر کرینگے وزیراعظم

گستاخی رسول ؐ برادشت نہیں، پرتشدد کارروائیوں نے ہمارا پیغام گہنا دیا،لاہور میں خطاب


News Agencies/Numainda Express September 25, 2012
سانحہ بند روڈ کے متاثرین میں چیک تقسیم، فاروق نائیک کی ملاقات، خط کے مسودے پر گفتگو فوٹو فائل

SRINAGAR: وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے لیے نبی کریم حضرت محمد ؐ سے بڑھ کرکوئی ہستی نہیں۔

گستاخانہ فلم کے خلاف پوری مسلم امہ سراپا احتجاج ہے' صدر زرداری کے جنرل اسمبلی سے خطاب کا محور بھی یہی ہو گا' حکومت پاکستان اس سلسلے میں او آئی سی اورمسلمان ممالک کے سفیروں سے رابطے میں ہے' انبیاء کرام ؑ کی شان میں گستاخی کو قابل سزا جرم قرا دیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے، گستاخی رسول ؐ کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔

مردان میں جلایا جانے والا چرچ سرکاری خرچ پر تعمیر کریں گے۔وہ گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں بند روڈ پر جوتا فیکٹری میں آتشزدگی کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں میںچیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے یوم عشق رسول ؐ منا کر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو یہ پیغام دیا کہ ایسی گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا دینے کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے، ہمارے اس پیغام کو چند مٹھی بھر لوگوں نے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی اور پرتشدد کارروائیاں کرکے ہمارے پیغام کو گہنا دیا۔ اگر ہم اس دن کو پر امن طور پر مناتے تو اس سے دنیا میں زیادہ موثر احتجاج ریکارڈ ہوتا۔

یہ ہنگامے دیکھ کر گستاخی کرنے والوں کو ضرور خوشی ہوئی ہو گی کہ انھوں نے جس مقصد کے لئے فلم بنائی تھی وہ پورا ہو گیا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کہ دوران پرامن رہیں کیونکہ پرتشدد کارروائیاں رسولؐ کی تعلیمات کیخلاف ہیں اور ہمارا ملک اس طرح کی جذباتیت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انھوں نے کہا آتشزدگی سے قیمتی جانوں کا ضیاع بہت بڑا سانحہ ہے، ہم لواحقین کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتے ہیں، آئندہ ایسے واقعات روکنے کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سابق مسیحی رکن اسمبلی پرویز رفیق کے توجہ دلانے پر وزیراعظم نے کہا مردان میں چرچ کو جلانے کے واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف کارروائی کی جائیگی اور وفاقی حکومت چرچ کو اپنے خرچ پر دوبارہ تعمیر کریگی۔

وزیر اعظم نے واقعہ جاں بحق ہونیوالے 20 افراد کے لواحقین میں فی کس 4 لاکھ روپے اور 11 زخمیوں میں فی کس ایک لاکھ روپے تقسیم کیے اور کہا کہ وزارت محنت کی طرف سے بھی جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے، فریال تالپور فی کس 2 لاکھ روپے تقسیم کرینگی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں وزیرقانون فاروق نائیک نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور سوئس حکام کو لکھے جانے والے خط کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین واپڈا راغب عباس سے ملاقات میں وزیراعظم نے مختصرترین وقت میں ہائیڈرو پراجیکٹس کو مکمل کرنیکی ہدایت کی تاکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرپرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |