اسلام آباد : حکومت نے یوم عاشور سے قبل بجٹ منظور کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آج شروع ہونے والا بجٹ اجلاس بلاتعطل چلایا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجٹ اجلاس 12 جون سے منظوری تک بلا تعطل چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق حکومت عاشورہ محرم سے قبل 23 یا 24 جون کو بجٹ منظور کروائے گی جس کے تحت ہفتہ اتوار کی چھٹی بھی نہیں کی جائیگی۔
حکومت نے عاشور سے قبل بجٹ منظور کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی وقفے کے بجٹ کی منظوری تک مسلسل جاری رہنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشور سے قبل بجٹ منظور نہ ہوسکا تو فقط عاشور کی تعطیل کے علاوہ کوئی چھٹی نہیں ہوگی، ضمنی گرانٹس محرم کی چھٹیوں کے بعد منظور کروائی جائیں گی۔