راولپنڈی، باپ بیٹے کے قتل میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، ساتھی فرار

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے


ویب ڈیسک June 11, 2026

راولپنڈی:

گوجرخان کے تھانہ حدود میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک مطلوب ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے مشکوک افراد کو چیکنگ کے لیے روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم شدید زخمی ہو گیا جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عید سے قبل پیش آنے والے باپ بیٹے کے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا اور کافی عرصے سے روپوش تھا۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔