بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے حالات کو برابر قرار دینا گمراہ کن ہے، پاکستان

پانی کو سیاسی دباؤ یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، دفتر خارجہ


ویب ڈیسک June 11, 2026

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پانی کو سیاسی دباؤ یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آبی وسائل سے متعلق حقوق اور مفادات ناقابلِ تنسیخ ہیں، جن کا ہر سطح پر بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے سفارتی، قانونی اور سیاسی تمام ذرائع استعمال کرے گا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے کی صورتِ حال کے حوالے سے پرُامید ہے اور اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرتا آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اس معاملے پر سفارتی کوششوں میں مسلسل مصروف عمل رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے حالات کو برابر قرار دینا غلط اور گمراہ کن ہے۔کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مؤقف پر قائم ہے۔