گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں اہم ملاقات ہوئی، جہاں مختلف سیاسی تجاویز اور ممکنہ حکومتی سیٹ اپ پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات گلگت کے مقامی ہوٹل میں ہوئی جہاں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد میں صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان جبکہ پی پی پی کے وفد میں پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ، شرجیل انعام میمن اور صدر پی پی پی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال اور آئندہ حکومت سازی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر حکومت سازی سے متعلق متعدد تجاویز زیر غور آئیں اور مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں وفود نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ زیر غور تجاویز کو اپنی اپنی جماعتوں کی گلگت بلتستان اور مرکزی قیادت کے سامنے رکھا جائے گا، جس کے بعد باہمی مشاورت سے مستقبل کے لائحہ عمل اور حکومت سازی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔