کراچی: مختلف علاقوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

ماڈل کالونی میں خواتین سے وارداتیں کرنے والا ملزم پکڑا گیا


ویب ڈیسک June 12, 2026
فوٹو: فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

ماڈل کالونی پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کارروائی کرتے ہوئے خواتین سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حسن ماڈل کالونی اور کھوکھراپار کے علاقوں میں خواتین سے بیگ چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ گرفتار ملزم سے ایک پستو بمع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزم حسن کے خلاف ماڈل کالونی اور کھوکھراپار تھانوں میں پہلے سے مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزم کو اسلحہ ایکٹ اور ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے مزید انکشافات اور مسروقہ سامان کی ریکوری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

ادھر پاک کالونی پولیس اور حساس ادارے نے پاک کالونی کے علاقے سے مبینہ مقابلے کے بعد بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث گینگ وار کے کارندے کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ مدثر عرف ساوا عرف خوف ولد محمد خالد کے نام سے کی گئی، ملزم کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کورنگی اور سائٹ سپرہائی وے پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔