وزیراعظم کا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ، بجٹ تجاویز پر مشاورت

بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، نواز شریف کی ہدایات


ویب ڈیسک June 12, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بجٹ تجاویز پر مشاورت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کی اہم تجاویز اور حکومتی منصوبہ بندی کے مختلف پہلوؤں پر قائد مسلم لیگ (ن) کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسے فیصلے کرنے چاہییں جو عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور معاشی دباؤ میں کمی کا باعث بنیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مہنگائی میں اضافے سے عوامی مشکلات بڑھتی ہیں، اس لیے قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور مہنگائی پر مؤثر کنٹرول کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔