وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

سرجری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں جاری تھیں


ویب ڈیسک June 13, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کے درمیان صحت سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ سرجری کے بعد مریم نواز مکمل طور پر روبہ صحت ہیں اور پیر سے دوبارہ وزیراعلیٰ آفس میں اپنی سرکاری ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طبیعت اب بہتر ہے اور وہ سوموار سے وزیراعلیٰ آفس آکر معمول کے مطابق تمام سرکاری امور انجام دیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے حکومتی معاملات کی نگرانی اور اہم اجلاسوں میں بھی وہ خود شریک ہوں گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد سوموار کو لاہور پہنچیں گے، جہاں ان کی سیاسی اور تنظیمی مصروفیات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مریم نواز کی مکمل صحت یابی اور نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت معمول کے مطابق اپنی سیاسی اور انتظامی سرگرمیاں جاری رکھے گی، جبکہ پنجاب حکومت کے اہم فیصلوں اور آئندہ حکمت عملی پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔