امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے ہوگیا، وزیراعظم کا اعلان

معاہدے پر دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد کی جائے گی، شہباز شریف کا ایکس پر پیغام


ویب ڈیسک June 14, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر وزیراعظم نے لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا۔ امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔

انہوں نے قطر، سعودی عرب اور ترکیے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔

Following intensive talks, we are pleased to announce that the Peace Deal between the United States of America and Islamic Republic of Iran has been REACHED. Both sides have declared the immediate and permanent termination of military operations on all fronts, including in…

— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 14, 2026

اُن کا کہنا تھا کہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر کارروائیاں روکنا شامل ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے تنازع کا حل سفارت کاری سے نکالنے کی راہ ہموار کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم ثالثی کی کوششوں میں اپنے برادر ملک قطر کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے اس معاہدے تک پہنچنے میں اہم معاونت فراہم کی۔ معاہدہ طے ہونے کے بعد ثالث کو اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی ملاقاتیں تکنیکی مذاکرات اور دستخط کی سرکاری تقریب کی بنیاد فراہم کریں گی۔

معاہدے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا ردعمل
 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والا معاہدہ اس عمل میں شامل تمام فریقین کی دانشمندانہ قیادت اور امن کے لیے سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے مثبت نتائج مرتب کر سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اس عمل میں ان کی قیادت اور وژن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی استحکام کے لیے حمایت کو بھی سراہا۔

بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزارت خارجہ اور اس عمل میں شامل تمام سفارتی ٹیموں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، مستقل مزاجی اور پس پردہ کوششوں نے اس پیش رفت کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔