پٹرول اورسی این جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائےمتحدہ

قیمتوں میں غیردانشمندانہ اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی،ارکان قومی اسمبلی

قیمتوں میں غیردانشمندانہ اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی،ارکان قومی اسمبلی ۔ فوٹو: فائل

لاہور:
حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے پٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ پٹرول اورسی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء کی قیمتوں پربراہِ راست پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود پٹرول اورسی این جی کی قیمتوں میں کمی کرنے کے بجائے اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔


انھوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی مہنگائی،بیروزگاری ، امن وامان کی صورتحال سے دوچار ہیں جبکہ پٹرول اور سی این جی مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر غیردانشمندانہ اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ارکان قومی اسمبلی نے صدراوروزیراعظم سے مطالبہ کیاکہ پٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے۔

علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی نے ڈیرہ مراد جمالی میں امداد نہ ملنے پرسیلاب متاثرین کے پرامن مظاہرے پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انھوں نے بلوچستان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کے پرامن مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کا نوٹس لیا جائے اور متاثرین سیلاب کو امداد اور طبی سہولتوں کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پرممکن بنائی جائے۔
Load Next Story