گلگت بلتستان کے الیکشن کے بعد حکومت سازی کا معاملہ دلچسپ موڑ میں داخل ہوگیا، جہاں ن لیگ کے حمایت یافتہ سمیت 4 آزاد امیدوار استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت الیکشن میں کامیاب ہونے چار آزاد ارکان نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد شمولیت اختیار کرلی۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والوں میں گھانچے سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی محمد انور اور ڈاکٹر اسد شفیق، حلقہ ون دیامر سے کامیاب ہونیوالے دل پذیرخان اور غذر سے کامیاب امیدوار بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے۔
حلقہ جی بی اے 23 اور اور 24 پر کھڑے ہونے والے آزاد امیدواروں کی ن لیگ نے حمایت کی تھی۔ انتخابات میں 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن میں سے 4 آئی پی پی کا حصہ بن گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں سادہ اکثریت حاصل کر کے سرفہرست جماعت بن کر سامنے آئی جبکہ اپنا وزیراعلیٰ لانے کی بھی مضبوط پوزیشن میں ہے، ساتھ ہی ن لیگ نے بلاول کے تحفظات کے بعد واضح طور پر اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے۔