لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور سفارتی پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا، جہاں متعدد ارکان نے پاکستانی قیادت اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
برطانوی ایوانِ بالا میں خطاب کرتے ہوئے لارڈ طارق احمد نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان میں موجود تمام اراکین اور حکومتی نمائندے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ ذکر سفارتی کوششیں کی ہیں۔
اس موقع پر بیرونس چیپ مین نے بھی پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز تک لانے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو ممکن بنانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر اسے خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
دریں اثنا لارڈ باربر نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو اس سفارتی کامیابی پر باضابطہ مبارکباد پیش کرے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہے۔
بیرونس چیپ مین آف ڈارلنگٹن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس معاملے میں انتہائی مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی قیادت کی سفارتی کاوشیں تعریف اور تحسین کی مستحق ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کے کردار کا کھلے الفاظ میں اعتراف عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی اہمیت اور امن کے لیے اس کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اگر امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ کامیاب ہوتا ہے تو اس میں پاکستان کے کردار کو بین الاقوامی سطح پر مزید پذیرائی مل سکتی ہے۔