ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بولرز شمر جوزف اور الزاری جوزف کی واپسی ہوئی ہے۔
دونوں فاسٹ بولرز جولائی 2025 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں جس سے ویسٹ انڈیز کی بولنگ لائن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ کیریبین ٹیم موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔
کپتان روسٹن چیس بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ جوشوا ڈا سلوا اور عامر جانگو کو بھی شاندار ڈومیسٹک کارکردگی کی بدولت دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دونوں ٹیسٹ میچز انٹیگا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جون جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جولائی تک جاری رہے گا۔
ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سمی نے اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیسٹ سیریز ٹیم کے لیے ترقی اور اپنی شناخت مضبوط بنانے کا موقع ہوتی ہے۔انہوں نے کہا سری لنکا ایک مضبوط ٹیم ہے اس لیے ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی لیکن ہم اس چیلنج کے لیے پُرجوش ہیں۔
ویسٹ انڈیز اسکواڈ:
روسٹن چیس (کپتان)، جان کیمبل، ٹیگنارائن چندرپال، جوشوا ڈا سلوا، جسٹن گریوز، کیوم ہوج، شائے ہوپ، عامر جانگو، الزاری جوزف، شمر جوزف، برینڈن کنگ، اینڈرسن فلپ، کیمار روچ، جیڈن سیلز اور جومیل واریکن۔