پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کی تجویز دے دی ہے اور صوبائی بجٹ 19 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ناراض ارکان نے بجٹ اجلاس میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے کا بجٹ بانی پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی مشاورت سے پیش کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومت کو مشاورت کے لیے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں عبوری بجٹ پیش کرنے کی تجویز دی گئی تھی اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قانونی ماہرین اور پارٹی قائدین سے مشاورت سے جاری تھی۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے بجٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ تین ماہ کے لیے اخراجات کا بجٹ بھی تیار کرلیا گیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی قیادت نے وزیراعلیٰ کو سال کا پورا بجٹ پیش کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل افریدی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں تین ماہ کا بجٹ پیش کرنا چاہتے تھے، تین ماہ کا بجٹ پیش کرنے میں قانونی سقم آڑے آگیا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق پورے سال کا بجٹ پیش نہ کرنے سے صوبے کو معاشی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، پارٹی نے صوبے کے وسیع تر مفاد میں وزیراعلیٰ کو پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کی تجویز دے دی ہے، صوبائی بجٹ جمعہ 19 جون کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں پیش ہو سکتا ہے۔