لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے نوشین افتخار کی جانب سے بچوں سے ملاقات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ملک اویس خالد نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایپلٹ کورٹ کی جانب سے بچوں سے ملاقات کے لیے جو شیڈول مقرر کیا گیا ہے، فی الحال اسی پر عملدرآمد کیا جائے، عدالت نے مزید کہا کہ عدالتی تعطیلات کے بعد کیس پر حتمی کارروائی کی جائے گی۔
سماعت کے دوران نوشین افتخار اپنے وکیل راجہ خرم شہزاد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ ان کے شوہر سید مرتضیٰ امین بھی عدالت کے روبرو موجود تھے، جن کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان تاڑڑ پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے ایپلٹ کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے جس کے تحت انہیں ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں بچوں سے ملاقات کی اجازت دی گئی تھی۔
نوشین افتخار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مہینے کے پہلے ہفتے میں ملاقات کا شیڈول غیر منصفانہ ہے اور استدعا کی کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران کم از کم پندرہ روز بچوں سے ملاقات کا حکم دیا جائے۔ تاہم عدالت نے فی الحال موجودہ شیڈول برقرار رکھتے ہوئے مزید سماعت تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔