کاوا چیمپئن شپ: بھارتی ٹیم نے پاکستان سے سیکیورٹی گارنٹی مانگ لی

بھارتی والی بال فیڈریشن کی پاکستان والی بال فیڈریشن سے رابطہ کرکے حکومتی سیکیورٹی کلیرنس دینے کی باضابطہ درخواست


ویب ڈیسک June 19, 2026

بھارتی والی بال ٹیم نے اسلام آباد میں آئندہ ماہ کھیلی جانے والی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوے پاکستان سے سیکیورٹی گارنٹی مانگ لی۔

چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب کے مطابق بھارتی والی بال فیڈریشن نے باضابطہ طور پر پاکستان والی بال فیڈریشن سے رابطہ کرکے حکومتی سیکیورٹی کلیرنس دینے کی درخواست کی ہے تاکہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے کے لیے اور ویزوں کے حصول کے لیے بھارتی حکومت سے منظوری لے سکیں۔

چوہدری محمد یعقوب نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستان آنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ بھی کر لیا گیا ہے۔ اگر بھارتی ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کرتی ہے تو اس سے ٹورنامنٹ کی اہمیت اور شائقین کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

کاوا انٹرنیشنل والی بال چیمپئن شپ 22 سے 29 جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں دس ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جن میں افغانستان، بنگلا دیش، نیپال، ترکمانستان، کرغزستان، قازقستان، مالدیپ، سری لنکا، بھارت اور میزبان پاکستان شامل ہیں۔