12 سالہ لڑکی کا اپنے اغوا کا ڈرامہ، والدین سے تاوان طلب کرلیا

پولیس نے چند گھنٹوں میں حقیقت بے نقاب کر دی


ویب ڈیسک June 20, 2026

برازیل کی ریاست سانتا کاتارینا کے شہر ایتائیوپولِس میں ایک 12 سالہ لڑکی نے اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچا کر والدین سے تاوان وصول کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے چند گھنٹوں میں حقیقت بے نقاب کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لڑکی رات تقریباً ایک بجے اپنے گھر سے غائب ہو گئی اور بعد ازاں والدین کو پیغامات بھیج کر دعویٰ کیا کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے۔ پیغامات میں اس نے بتایا کہ اغوا کار اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس پر تشدد بھی کیا جا رہا ہے۔

بیٹی کی سلامتی کے حوالے سے شدید پریشان والدین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر مافرا کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈویژن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

صبح تقریباً 11 بجے لڑکی نے دوبارہ رابطہ کیا اور اس بار اپنی رہائی کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا۔ اس نے والدین کو خبردار کیا کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو اغوا کار اسے قتل کر دیں گے۔

تاہم، پولیس نے چند ہی گھنٹوں بعد لڑکی کو ایتائیوپولِس کے نواحی دیہی علاقے میں واقع ایک گھر سے بحفاظت برآمد کر لیا۔ موقع پر نہ تو کوئی اغوا کار موجود تھا اور نہ ہی لڑکی کسی خطرے میں تھی۔

پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران 12 سالہ لڑکی نے اعتراف کیا کہ اس نے اغوا کی پوری کہانی خود بنائی تھی اور اس کا مقصد اپنے والدین سے رقم حاصل کرنا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا حقیقی اغوا پیش نہیں آیا، جبکہ مزید قانونی اور سماجی پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔