معروف اداکار گھر میں آگ لگنے کے باعث اہلیہ سمیت ہلاک

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں


ویب ڈیسک June 20, 2026

امریکی سوپ اوپیرا ’آل مائی چلڈرن‘ میں ’ہیوئی‘ کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار پال ایوری اور ان کی اہلیہ شیلا ایوری اپنے گھر میں لگنے والی آگ کے باعث ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12:38 بجے بلیئرز ٹاؤن، نیو جرسی میں واقع رہائش گاہ سے آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

امدادی کارکنوں نے گھر کے اندر دونوں میاں بیوی کو بے ہوش حالت میں پایا اور انہیں فوری طور پر جلتی ہوئی عمارت سے باہر نکال کر سی پی آر دیا۔ تاہم، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کچھ ہی دیر بعد دم توڑ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر رات 1:03 بجے قابو پا لیا گیا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

81 سالہ پال ایوری نے تقریباً 20 سال تک اداکاری کے میدان میں خدمات انجام دیں اور ٹیلی ویژن پر خاصی شہرت حاصل کی۔ وہ صرف اداکار ہی نہیں بلکہ صحافت سے بھی وابستہ رہے اور نیو جرسی میں رج ویو ایکو کے شریک بانی تھے۔ اس کے علاوہ وہ بلیئرز ٹاؤن ٹاؤن شپ کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

ان کی وفات پر شوبز اور مقامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔