ڈیفنس میں تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے دروازے سے جاٹکرائی، 11 افراد زخمی

حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، پولیس نے گاڑی میں سوار 4 افراد کو حراست میں لے لیا


اسٹاف رپورٹر June 21, 2026

کراچی:

شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں سوزوکی گاڑی مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر امام بارگاہ کے باہر نصب بیریکیٹس توڑتی ہوئی داخلی گیٹ سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ بدر کمرشل، صباء ایونیو کے قریب پیش آیا، جہاں امام بارگاہ بقیتہ اللہ میں مجلس جاری تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار سوزوکی گاڑی اچانک بے قابو ہوئی اور دروازے کے قریب لگے حفاظتی بیریکیٹس توڑتے ہوئے امام بارگاہ کے داخلی حصے میں داخل ہوگئی، جس سے وہاں موجود افراد گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق واقعہ تھانہ درخشاں کی حدود میں پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث رونما ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے میں تقریباً 10 خواتین سمیت 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سوزوکی گاڑی میں سوار 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جناح اسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں  18 سالہ ماہین فاطمہ دختر محمد اکرم، 20 سالہ مہناز دختر شہباز حسین، 45 سالہ شازیہ، 5 سالہ امان فاطمہ دختر ظفر، 40 سالہ ممتاز بی بی زوجہ ظفر، 22 سالہ شیر بانو دختر ارباب علی، 32 سالہ کوثر پروین زوجہ لیاقت بخش، 9 سالہ زنیفہ دختر اکرم، 3 سالہ آیات دختر ماجد کوکر اور 45 سالہ ارشاد بی بی زوجہ اکرم شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی اور چھیپا سمیت دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جناح اسپتال منتقل کردیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہوگئی۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔