بھارت کے کوچنگ سینٹر میں لگنے والی خوفناک آگ میں 14 طلبا ہلاک؛ ویڈیو وائرل

تین منزلہ عمارت میں کوچنگ سینٹر کے علاوہ جانوروں کی دکان اور دیگر کاروباری مراکز بھی تھے


ویب ڈیسک June 22, 2026
تین منزلہ عمارت میں کوچنگ سینٹر بالائی منزل پر تھا

بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے معروف کوچنگ سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ سے بچنے کی کوشش میں متعدد طلبا نے پہلی منزل سے چھلانگیں لگا دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لکھنؤ کے علی گنج علاقے میں پیش آیا جہاں ایک عمارت کی بالائی منزل پر قائم کوچنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ نے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت دھویں سے بھر گئی جس کے باعث اندر پھنسے طلبا کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا اور ان کی حالت غیر ہوگئی۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کوچنگ سینٹر جل کر خاکستر ہوگیا۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 14 سوختہ لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ درجن سے زائد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ متاثرہ عمارت تین منزلہ تھی اور آگ اوپری منزل پر لگی جو تیزی سے پھیل گئی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران طلبا کو نکالنے کے لیے کئی کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے۔

مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت 6 سے 10 افراد کو بحفاظت باہر نکالا تاہم کئی افراد اندر پھنسے ہوئے تھے جنھیں دھواں بھرجانے کے باعث نہ نکالا جا سکا۔ ایک شخص خوف کے باعث عمارت سے کود گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں کوچنگ سینٹر کے علاوہ پالتو جانوروں کی دکان اور دیگر کاروباری مراکز بھی قائم تھے۔ حکام آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔