اسلام آباد:
وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے خاتون ملازمہ کو زچگی کی چھٹیوں کے دوران نوکری سے نکالنے پر نجی ادارے پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فوسپاہ یعنی وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار کی جانب سے یہ بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں جرمانے کے سوا نجی ادارے کو جامع اصلاحی اقدامات کے نفاذ کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
فوسپاہ کے مطابق شکایت گزار ملازمہ اکاؤنٹنگ کے شعبے میں کام کر رہی تھی، منظور شدہ زچگی کی چھٹی کے دوران ایک فون کال پر ملازمت ختم کر دی گئی، زچگی کی چھٹیوں کی مدت میں کسی خاتون کو ملازمت سے برخاست کرنا نقصان دہ سلوک ہے، یہ عمل قانون کے تحت صنفی تفریق اور نفسیاتی ہراسگی کے برابر ہے۔
وفاقی محتسب نے کہا کہ حمل، پیدائش، میٹرنٹی لیو اور بعد میں صحت یابی کی حالت خواتین کے لیے منفرد ہیں۔
وفاقی محتسب نے نجی ادارے کو شکایت گزار خاتون کے لیے کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔