جی ٹی اے 6 کی بے پناہ مقبولیت اب سائبر جرائم پیشہ افراد کے لیے سنہری موقع بن گئی ہے اور نئے میلویئر اور آن لائن فراڈ خاص طور پر پی سی اور اینڈرائیڈ صارفین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ راک اسٹار گیمز لانچ کے وقت گیم کو صرف پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس/ایس کے لیے جاری کر رہا ہے، جبکہ پی سی ورژن بعد میں متوقع ہے۔
نورڈ وی پی این کے مطابق جی ٹی اے 6 کے پری آرڈرز کے آغاز نے دھوکے بازوں کو سرگرم کر دیا ہے، جو ان شائقین کو اپنا ہدف بنا رہے ہیں جو نومبر میں گیم کے باضابطہ اجرا کے باوجود اسے فوری طور پر کھیل نہیں سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ چونکہ پی سی صارفین کو گیم کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا اور اسی انتظار کو فراڈیے اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو ایسی چیز کا لالچ دے رہے ہیں جو انہیں فی الحال دستیاب ہی نہیں، یعنی جی ٹی اے 6 تک قبل از وقت رسائی۔
نورڈ وی پی این نے جعلی جی ٹی اے 6 بیٹا کیز، فیک سبسکرپشن آفرز اور دھوکے باز ویب سائٹس کا سراغ لگایا ہے۔ ان فراڈز کو اصلی دکھانے کے لیے بعض اوقات صارفین سے مختصر فارم پُر کروایا جاتا ہے یا پھر جعلی "Are you a bot?" ویریفیکیشن مکمل کرنے کا کہا جاتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کچھ اینڈرائیڈ ایپس خود کو جی ٹی اے 6 بیٹا کے طور پر پیش کر رہی ہیں، جبکہ حقیقت میں وہ خطرناک ایڈویئر اور دیگر نقصان دہ سافٹ ویئر پھیلانے کا ذریعہ ہیں۔ ایسی ایپس صارفین کو ان ویب سائٹس تک لے جاتی ہیں جہاں انفو اسٹیلرز، بینکنگ ٹروجنز، ایڈویئر اور حتیٰ کہ رینسم ویئر بھی موجود ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ جعلی جی ٹی اے 6 ری پیک فائلز بھی گردش کر رہی ہیں، جن میں ہیکرز مشہور پائریسی اور ری پیک ویب سائٹس کی نقل تیار کرکے ونڈوز میلویئر کو گیم فائلز کے بھیس میں تقسیم کرتے ہیں۔
نورڈ وی پی این نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جی ٹی اے 6 سے متعلق ایسی کسی بھی آفر، لنک یا پیغام سے محتاط رہیں جو تجسس یا "فومو" (FOMO) یعنی کہیں موقع ہاتھ سے نکل جانے کے خوف کو بھڑکائے۔ مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے پہلے لنک چیکرز کا استعمال بھی دھوکے سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔