کبریٰ خان کی سارہ علی خان اور شرمیلا ٹیگور کے ساتھ خوشگوار ملاقات، ویڈیو وائرل

تینوں شخصیات کے درمیان خوشگوار کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی


ویب ڈیسک June 22, 2026

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے جس میں انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات سارہ علی خان اور شرمیلا ٹیگور کے ساتھ خوشگوار ماحول میں دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں کبریٰ خان ایک میز پر شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان کے ہمراہ موجود ہیں۔ منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرمیلا ٹیگور میز کے دوسری جانب بیٹھی ہوئی ہیں اور وہ ایک پیالے سے چمچ کے ذریعے کچھ نکال کر محبت بھرے انداز میں کبریٰ خان کی جانب بڑھاتی ہیں۔ پاکستانی اداکارہ مسکراتے ہوئے شکریہ ادا کرتی ہیں اور پیش کی گئی چیز خوشی سے قبول کر لیتی ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ویڈیو کے دوران سارہ علی خان بھی اس خوبصورت لمحے سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں اور انہوں نے تالیاں بجا کر اس دوستانہ ماحول کو سراہا۔ تینوں شخصیات کے درمیان خوشگوار کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات کبریٰ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہوئی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کی فنکار شخصیات کو ایک ساتھ دیکھ کر مثبت ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کبریٰ خان ان دنوں اپنے نئے پراجیکٹس میں مصروف ہیں۔ وہ اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’ڈاکٹر بہو‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری معروف ہدایتکارہ مہرین جبار نے کی ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ بھارتی اور پاکستانی فنکاروں کی ایسی خوشگوار ملاقاتیں فن اور ثقافت کے ذریعے مثبت روابط کو فروغ دیتی ہیں۔