یورپ اس وقت شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے فرانس میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی ممالک میں ہنگامی الرٹ اور پابندیاں نافذ کردی گئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس، اسپین، اٹلی، بیلجیئم اور برطانیہ سمیت یورپ کے دیگر ممالک شدید گرمی کی غیر معمولی لہر کی زد میں ہیں۔
جس کے نتیجے میں فرانس میں کم از کم تین افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ بیلجیئم، اٹلی، اسپین اور برطانیہ میں بھی شدید گرمی کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 96 انتظامی علاقوں میں سے 49 میں ریڈ ہیٹ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے جو خطرے کی بلند ترین سطح ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ بعض شہری علاقوں میں رات کے وقت بھی درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہے گا۔
دارالحکومت پیرس سمیت کئی شہروں میں گرمی کی شدت کے باعث سیکڑوں اسکول عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
عوام کو ٹھنڈک فراہم کرنے کے لیے پارکس میں مسٹ اسپرے، واٹر اسٹیشنز اور کولنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ بزرگوں، بچوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شدید گرمی نے نقل و حمل کے نظام کو بھی متاثر کیا ہے۔ ریلوے حکام نے بعض علاقوں میں پٹریوں کے زیادہ گرم ہونے کے خدشے کے پیش نظر کئی ٹرین سروسز کی رفتار کم کر دی ہے یا انہیں محدود کر دیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ادھر اسپین میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اٹلی نے متعدد بڑے شہروں میں ہیٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیلجیم اور برطانیہ میں بھی موسمیاتی اداروں نے آنے والے دنوں میں شدید گرمی اور صحت عامہ کو لاحق خطرات کے بارے میں انتباہ جاری کیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یورپ میں گرمی کی یہ حالیہ لہر افریقی صحرائی گرم ہواؤں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مشترکہ اثرات کا نتیجہ ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث یورپ میں ہیٹ ویوز نہ صرف زیادہ شدت اختیار کر رہی ہیں بلکہ ان کا دورانیہ بھی پہلے کے مقابلے میں طویل ہوتا جا رہا ہے۔
صحت کے ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، براہِ راست دھوپ سے بچیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور گرمی لگنے یا ہیٹ اسٹروک کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک یورپ کے کئی حصوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔