متحدہ عرب امارات سے بنگلور جانے والی پرواز میں بھارتی مسافر پرُاسرار طور پر ہلاک

متوفی کی شناخت 51 سالہ یوسف کنہمو کے نام سے ہوئی


ویب ڈیسک June 23, 2026

ابوظہبی سے بنگلور جانے والی پرواز میں دوران سفر ایک بھارتی مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی سے بھارتی شہر بنگلور کے لیے پرواز نے اڑان بھری اور فضا میں سفر معمول کی طرح رواں دواں تھا۔

اچانک ایک مسافر کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ اپنی نشست سے گر گیا۔ عملے نے ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی لیکن طبیعت سنبھل نہ سکی۔

پائلٹ نے طیارے کو واپس ابوظہبی کی جانب موڑا اور ہنگامی لینڈنگ کی، انھیں ایئرپورٹ پر طبی امداد کے بعد اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق کردی گئی۔

متوفی کی شناخت 51 سالہ یوسف کنہمو کے نام سے ہوئی۔ وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے بھارت جا رہے تھے۔ انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ اور ایئرلائن ذرائع نے کی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف کنہمو بھارتی ریاست کیرالہ کے رہائشی تھے اور وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات آئے ہوئے تھے۔

متوفی کے ابوظبی میں مقیم بھتیجے نے بتایا کہ اگرچہ موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی تاہم شبہ ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہو جس کے باعث ان کی جان چلی گئی۔

ادھر حکام کی جانب سے واقعے کی مزید کارروائی اور طبی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اہل خانہ کے مطابق یوسف کنہمو اپنے پیچھے اہلیہ اور پانچ بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں جن میں صرف تین ماہ کی ایک شیر خوار بچی بھی شامل ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ متحدہ عرب امارات کا سفر کر چکے تھے۔