لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک گاڑی سے لاش برآمد ہوئی ، یہ افسوس ناک واقعہ مبینہ طور پر سب انسپکٹر کو گولی مارکر قتل کرنے کا بتایا جا رہاہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سب انسپکٹر طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ اپنی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجود تھے جب انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ پر سفید رنگ کی ایک گاڑی کافی دیر سے کھڑی تھی۔ رنگ روڈ پولیس نے چیک کیا تو گاڑی میں سب انسپکٹر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ایس پی کینٹ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے اہم شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ مقتول کے قتل کی تحقیقات پولیس نے شروع کر دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔