امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹیسلا کی ایک گاڑی آٹوپائلٹ نظام پر بےقابو ہوکر گھر توڑ کر اندر داخل ہوگئی جس کے نتیجے میں 76 سالہ خاتون ہلاک ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد امریکی حکام نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 19 جون کو شہر کیٹی میں ایک ٹیسلا ماڈل 3 سڑک سے بے قابو ہو کر ایک رہائشی مکان کی دیوار توڑتے ہوئے اندر داخل ہوگئی۔ گھر کے اندر موجود 76 سالہ مارتھا اویلا گاڑی کی زد میں آگئیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ڈرائیور مائیکل بٹلر نے دعویٰ کیا کہ حادثے کے وقت گاڑی کا آٹوپائلٹ نظام فعال تھا۔ تاہم ٹیسلا کے آٹوپائلٹ پروگرام کے سربراہ اشوک ایلسوامی نے کہا کہ ڈرائیور نے حادثے سے قبل ایکسیلیریٹر مکمل طور پر دبا کر نظام کو اووررائیڈ کیا اور گاڑی تقریباً 73 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔
امریکی روڈ سیفٹی ادارے نے اس واقعے کی خصوصی حادثاتی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا حادثے میں ٹیسلا کے آٹوپائلٹ نظام کا کوئی کردار تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مذکورہ بالا ادارہ پہلے ہی ٹیسلا کے آٹوپائلٹ نظاموں کے حوالے سے متعدد تحقیقات کر رہا ہے۔