عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں اہم پیش رفت

عدالت اس سے قبل وکلا کو ہدایت دے چکی ہے کہ 7 روز کے اندر وکالت نامے پر دستخط کروا کر جمع کرائے جائیں۔


ویب ڈیسک June 24, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس  میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں 29 جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق اپیلوں پر باقاعدہ سماعت 29 جون کو ہوگی۔

کاز لسٹ کے مطابق کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ کرے گا۔

یاد رہ کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں اپنی اپیلوں کے ساتھ توہین عدالت کی درخواستیں بھی دائر کر رکھی ہیں۔

عدالت اس سے قبل وکلا کو ہدایت دے چکی ہے کہ 7 روز کے اندر وکالت نامے پر دستخط کروا کر جمع کرائے جائیں۔ اب 29 جون کی سماعت میں اپیلوں کے ساتھ ساتھ توہین عدالت کی درخواستوں سے متعلق پیش رفت بھی متوقع ہے۔