جاپان کےجمعرات کی صبح 7.2 شدت کا طاقتور زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔
شنہوا کے مطابق جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7:30 بجے آیا۔ زلزلے کا مرکز صوبہ ایواتے کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 6.9 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے بڑھا کر 7.2 کردیا گیا۔
زلزلے کے جھٹکے صوبہ آؤموری کے ہاشیکامی ٹاؤن اور ہاچینوہے شہر میں انتہائی شدت سے محسوس کیے گئے، جبکہ ہوکائیڈو، اکیتا، فوکوشیما، میاگی، یاماگاتا اور دارالحکومت ٹوکیو سمیت متعدد علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی، تاہم متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو مزید جھٹکوں کے امکان کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب متعلقہ اداروں نے بتایا ہے کہ آؤموری اور میاگی کے جوہری بجلی گھروں سمیت فوکوشیما کے دائیچی اور دائی نیوکلیئر پاور پلانٹس میں کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال رپورٹ نہیں ہوئی۔جاپانی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ امدادی اور ہنگامی خدمات کو الرٹ کردیا گیا ہے۔