مزید48 پاکستانی ہندو زائرین نے بھارت میں پناہ لے لی

اسلامی بنیاد پرستوں کے سبب پاکستان میں زندگی مشکل ہوگئی، ایک ہندو کی بی بی سی سے گفتگو


Express Desk September 25, 2012
اسلامی بنیاد پرستوں کے سبب پاکستان میں زندگی مشکل ہوگئی، ایک ہندو کی بی بی سی سے گفتگو, فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور پہنچنے والے پاکستانی ہندوؤں کے ایک اور گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اب وطن واپس نہیں جائیں گے۔

48ہندوؤں پر مشتمل یہ گروپ اتوار کو جودھ پور پہنچا تھا۔ یہ لوگ مذہبی عبادت گاہوں کی زیارت کے ویزے پر بھارت آئے تھے لیکن واپس جانے سے انکار کردیا ہے۔

جودھ پور میں پاکستانی ہندوؤں کیلیے عارضی کیمپ قائم ہے اور اس میں 343 پاکستانی ہندو پہلے ہی سے مقیم ہیں۔ نئے زائرین کے گروپ کو بھی اسی کیمپ میں رکھا گیا ہے۔

ان میں سے24افراد کا تعلق چرواہوں کی برادری رائکاس سے ہے اور اس برادری کے لوگوں نے پہلی بار بھارت نقل مکانی کی ہے۔

بھارت نقل مکانی کرنے والے پاکستانی ہندوؤں کی فلاح کیلیے کام کرنے والی تنظیم سمینت لوک سنگھٹن کے سربراہ ہندو سنگھ سوڈھا کا کہنا ہے کہ ان افراد کے پاس کھانے کیلیے کچھ بھی نہیں ہے۔

ہم مقامی افراد کی مدد سے ان کے کھانے اور رہنے کا انتظام کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے حکومت کی جانب سے ابھی کوئی مدد نہیں پہنچی ہے۔

ایک پاکستانی ہندو نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ اسلامی بنیاد پرست عناصر کے سبب پاکستان میں زندگی مشکل ہوگئی ہے۔

ہم اس خوف میں جیتے ہیں کہ کہیں ہماری لڑکیوں اور خواتین کا زبردستی مذہب تبدیل نہ کردیا جائے۔ ہم گھروں میں قید رہتے ہیں کہ کہیں ان کو اغوا نہ کرلیا جائے اور پھر ان کا مذہب تبدیل کردیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں