ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی؛ ایک ہی گھر کے 10 افراد اسپتال پہنچ گئے، 2 بچیاں جاں بحق

جاں بحق بچیوں کی شناخت 9 سالہ علیشہ بی بی اور 4 سالہ پاکیزہ بی بی کے نام سے ہوئی


ویب ڈیسک June 25, 2026
(فوٹو: فائل)

باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں ہیضہ کی وبا پھوٹ پڑی، جہاں ایک ہی گھر کے 10 افراد شدید متاثر ہوئے جبکہ 2 بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔

المناک واقعے میں جاں بحق بچیوں کی شناخت 9 سالہ علیشہ بی بی اور 4 سالہ پاکیزہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق لوئر دیر سے ہے۔ دیگر متاثرین کو طبی امداد کے لیے تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا محکمہ صحت نے تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں مشتبہ ہیضہ اور شدید اسہال کے کیسز رپورٹ ہونے پر فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔  اس سلسلے میں ڈی سی باجوڑ اور ڈی ایچ او کی ہدایت پر محکمہ صحت کی آؤٹ بریک رسپانس ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

ٹیم نے دورے کے دوران پانی کے نمونے حاصل کرلیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو ضروری ادویات، او آر ایس اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

محکمہ صحت باجوڑ کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی  اور عوام کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں حکام نے  وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔