بلوچستان کے ضلع چاغی میں مائننگ سائٹ پر حملے کے دوران اغوا ہونے والا غیر ملکی شہری دو ماہ بعد بازیاب کر لیا گیا، جبکہ ایک ماہ قبل اغوا کیے گئے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے سینئر افسر کی تشدد زدہ لاش قلات سے برآمد ہوئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رواں سال اپریل میں چاغی کے علاقے داریگوان میں واقع ایک مائننگ سائٹ پر حملے کے دوران ترکیہ سے تعلق رکھنے والے ڈرلر صالح گل جمال کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی غیر ملکی شہری کو تین روز قبل مستونگ کے علاقے کردگاپ سے بازیاب کرا کے کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں کراچی کے راستے ترکیہ روانہ کر دیا گیا۔ صالح گل جمال بدھ کے روز بحفاظت اپنے وطن پہنچ گئے۔
دوسری جانب ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد وسیم کی تشدد زدہ لاش قلات کے علاقے توک سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق محمد وسیم کو 20 مئی کو کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے قلات کے علاقے محمد تاوا کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق محمد وسیم ژوب ایئرپورٹ پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ لاش برآمد ہونے کے بعد پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرکے میت کراچی روانہ کر دی گئی ہے۔