بیجنگ کی سب سے بلند عمارت سے طیارہ ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

109 منزلہ چائنا زن بیجنگ کی سب سے اونچی عمارت ہے


ویب ڈیسک June 26, 2026
بیجنگ کی سب سے بلند ترین عمارت سے طیارہ ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سی آئی ٹی آئی سی ٹاور ’’چائنا زن‘‘ سے ٹکرا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق طیارے کے فلک بوس عمارت سے ٹکرانے کے فوری بعد بلڈنگ کو خالی کرانا شروع کردیا گیا۔

کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر فائر بریگیڈ، پولیس اور ایمبولینسیں فوری طور پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 109 منزلہ عمارت سے ملبہ نیچے گر رہا ہے۔ زمین پر طیارے کی دم اور ایک ٹیکسی کی ٹوٹی ہوئی ونڈ اسکرین بھی دیکھی گئی۔

تاحال چینی حکام نے واقعے کی وجوہات، ممکنہ جانی نقصان یا زخمیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

بیجنگ پبلک سکیورٹی بیورو کے ضلعی دفتر سے رابطہ کرنے پر اہلکاروں نے واقعے سے لاعلمی ظاہر کی جبکہ دیگر متعلقہ اداروں سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ چین میں تیار کیا گیا سن وارڈ اورورا لائٹ اسپورٹ ایئرکرافٹ تھا جو ایک مقامی جنرل ایوی ایشن کمپنی کی ملکیت بتایا جا رہا ہے۔

یہ کمپنی پائلٹوں کی تربیت، تفریحی پروازوں اور فضائی فوٹوگرافی جیسی خدمات فراہم کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ کے شیفوسی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد طیارے نے غیر معمولی اور بے ترتیب پرواز کی جس کے بعد وہ چائنا زن ٹاور سے ٹکرا گیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چین نے یکم مئی سے بیجنگ میں ڈرونز کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ نئے قوانین کے تحت سرکاری اجازت کے بغیر شہر کی حدود میں ڈرون خریدنے، کرائے پر لینے یا اڑانے کی اجازت نہیں۔

حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ واقعے کی اصل وجہ اور ممکنہ نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات سرکاری بیان کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔