آزاد کشمیر کی صورت حال پر جماعت اسلامی ثالثی کے لیے متحرک

کمیٹی صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر قومی قیادت سے ملاقاتیں کرے گی


ویب ڈیسک June 27, 2026
فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

آزاد کشمیر کی صورت حال پر جماعت اسلامی ثالثی کے لیے متحرک ہو گئی ہے اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی صدارت میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر  اعلیٰ سطح کا  اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کو ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا اور بحران کے حل کے لیے آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حافظ نعیم الرحمن صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور دیگر قومی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر مشاورت کی جا سکے اور مسائل کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔

اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے امیر جماعت اسلامی نے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ یہ کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے رابطہ کرے گی اور مختلف تجاویز مرتب کر کے قیادت کو پیش کرے گی تاکہ بحران کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری کے لیے جماعت اسلامی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور کشمیری عوام کی مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال وابستگی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔  اس موقع پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ تین ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن کے باعث آزاد کشمیر کے عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہو رہے ہیں، اس لیے حکومت پاکستان فوری طور پر اشیائے ضروریہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔