ٹرمپ کی انوکھی خواہش؛ یادگاری امریکی پاسپورٹ پر اپنی تصویر چھاپ دی

ٹرمپ کی تصویر والا امریکی پاسپورٹ ملکی 250 سالہ جشن کے موقع پر محدود تعداد میں جاری کیا جائے گا


ویب ڈیسک June 27, 2026
ٹرمپ کی تصویر والا امریکی پاسپورٹ ملکی 250 سالہ جشن کے موقع پر محدود تعداد میں جاری کیا جائے گا

امریکا کے 250 سالہ جشن کے موقع پر صدر ٹرمپ نے اپنی تصویر والا یادگاری پاسپورٹ ڈیزائن متعارف کرا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے قیام کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں ملکی پاسپورٹ کا ایک خصوصی یادگاری نیا ڈیزائن جاری کر دیا۔ جس میں ان کی تصویر بھی شامل کی گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پاسپورٹ کا نمونہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا کا نیا پاسپورٹ، جس پر درج ہے 'خوش آمدید لیکن اچھے بن کر رہیں!۔

امریکی صدر کی اس پوسٹ کے بعد وائٹ ہاؤس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ نے بھی اسی ڈیزائن کو امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی یاد میں نیا امریکی پاسپورٹ قرار دیتے ہوئے جاری کیا۔

جاری کردہ ڈیزائن میں پاسپورٹ کے ایک اندرونی صفحے پر صدر ٹرمپ کی واضح تصویر موجود ہے جس میں وہ وائٹ ہاؤس کے مشہور ریزولیٹ ڈیسک کے پیچھے کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کی تصویر کے پس منظر میں امریکی اعلانِ آزاد کا متن بھی درج ہے اور اسی صفحے کے نچلے حصے میں صدر ٹرمپ کے دستخط بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اسی یادگاری پاسپورٹ کے دوسرے صفحے پر امریکی مصور جان ٹرمبل کی تاریخی پینٹنگ ’’اعلان آزادی‘‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے جو امریکی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک کی عکاسی کرتی ہے۔

پاسپورٹ کا یہ نیا ڈیزائن رواں سال اپریل میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے خصوصی یادگاری پاسپورٹ سے بالکل مختلف ہے جب کہ اُسے بھی 250 سالہ جشن کے تناظر میں پیشن کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اُس پاسپورٹ میں صدر ٹرمپ کی مختلف تصویر استعمال کی گئی تھی۔ تازہ ڈیزائن میں ان کی وہ تصویر شامل کی گئی ہے جو واشنگٹن کی قومی پورٹریٹ گیلری میں موجود ان کے سرکاری پورٹریٹ سے مشابہت رکھتی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے پاسپورٹ کے حتمی ڈیزائن سے متعلق سوالات پر میڈیا کو امریکی محکمہ خارجہ سے رجوع کرنے کا کہا ہے حالانکہ محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے باضابطہ تبصرہ جاری نہیں کیا۔

یاد رہے کہ امریکی حکومت نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ یہ پاسپورٹ محدود تعداد میں امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جاری کیا جا رہا ہے جس میں بیرونی اور اندرونی صفحات پر خصوصی آرٹ ورک اور تاریخی تصاویر شامل ہوں گی۔

سرکاری حکام کے مطابق یہ خصوصی ڈیزائن ابتدائی مرحلے میں واشنگٹن پاسپورٹ ایجنسی سے ذاتی طور پر پاسپورٹ کی تجدید کرانے والے شہریوں کو بطور ڈیفالٹ جاری کیا جائے گا جبکہ آن لائن درخواستوں اور دیگر شہروں میں فی الحال موجودہ ڈیزائن ہی برقرار رہے گا۔

واضح رہے کہ موجودہ امریکی پاسپورٹ کے اندرونی سرورق پر مصور پرسی مورن کی وہ مشہور پینٹنگ موجود ہے جس میں فرانسس اسکاٹ کی کو فورٹ میک ہنری پر حملے کے بعد دکھایا گیا ہے اور اسی صفحے پر امریکی قومی ترانے کی ابتدائی سطور بھی درج ہیں۔