خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، برطانوی وزیر خارجہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برطانوی وزیرخارجہ ایوویٹ کوپر کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک June 27, 2026
فوٹو: فائل

برطانیہ کے وزیر خارجہ ایوویٹ کوپر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو قابل قدر قرار دے دیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برطانوی وزیرخارجہ ایوویٹ کوپر کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو برطانیہ قابل قدر قرار دیتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے  تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا

اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امن کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔