الزائمر سے تحفظ کے لیے اومیگا تھری سپلیمنٹس بے اثر قرار

تحقیق میں اومیگا تھری سپلیمنٹس کے استعمال سےیادداشت یا دماغی صلاحیت کے تحفظ میں کوئی واضح بہتری دیکھنے میں نہیں آئی


ویب ڈیسک June 27, 2026

نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اومیگا تھری فش آئل یا الجی سے تیار کردہ سپلیمنٹس الزائمر، ڈیمنشیا یا یادداشت میں کمی سے بچاؤ کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہوتے۔

تحقیق کے سربراہ اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے ماہرِ اعصاب ڈاکٹر حسین یاسین کے مطابق کلینیکل ٹرائل میں اومیگا تھری سپلیمنٹس استعمال کرنے والے افراد کی یادداشت، دماغی صلاحیت یا دماغی خلیات کے تحفظ میں کوئی واضح بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔

ڈاکٹر یاسین نے کہا کہ صرف سپلیمنٹس پر انحصار کرنے کے بجائے صحت مند طرزِ زندگی اپنانا زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، جس میں باقاعدہ ورزش، ذہنی دباؤ میں کمی، معیاری نیند، پودوں پر مبنی متوازن غذا اور اومیگا تھری کے قدرتی ذرائع جیسے چکنائی والی مچھلی، خشک میوہ جات اور بیج شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحیرہ روم کے خطے میں بہتر دماغی صحت کا تعلق صرف اومیگا تھری سے نہیں بلکہ مجموعی صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا، جسمانی سرگرمی اور کم ذہنی دباؤ سے بھی ہے۔