پاکستان میں جلد ہی پہلا مقامی اسکیم کا کریڈٹ کارڈ متعارف کروایا جائے گا

اس طرح پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جن کی اپنی پے منٹ اسکیم اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت موجود ہوگی


احتشام مفتی June 28, 2026

کراچی:

پاکستان میں جلد ہی پہلا مقامی اسکیم کا کریڈٹ کارڈ متعارف کروایا جائے گا، بینکوں اور مالیاتی اداروں کو آن لائن بینکاری کی خدمات فراہم کرنے والی ون لنک یہ کریڈٹ کارڈ کے پاک اسکیم کے تحت متعارف کروائے گی۔

اس طرح پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جن کی اپنی پے منٹ اسکیم اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت موجود ہوگی۔

کراچی میں منعقدہ 19ویں موبائل کامرس کانفرنس میں ایکسپریس سے خصوصی بات کرتے ہوئے ون لنک کے چیف ایگزیکٹو نجیب آگرہ والا نے بتایا کہ ون لنک اسٹیٹ بینک کے تعاون اور ممبر بینکوں کے اشتراک سے یہ کریڈٹ کارڈ جاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کریڈٹ کارڈ منصوبہ پاکستان کے بینکاری شعبے میں ایک بڑی تبدیلی لاسکتا ہے۔ جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مالیاتی نظام میں شمولیت، کریڈٹ کی دستیابی اور ملک کے اندر تیار کردہ ادائیگی کے نظام کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پے پاک کریڈٹ کارڈ پورے پاکستان میں قابلِ استعمال ہوگا اور صارفین غیر ملکی ادائیگیاں بھی کر سکیں گے اور اس کا تمام تر انتظام بھی ملک کے اندر ہی ہوگا۔ ایسے بینک بھی کریڈٹ کارڈ جاری کر سکیں گے جو مہنگے انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے یہ خدمات اپنے صارفین کو فراہم نہیں کر رہے تھے۔ اس میں ادائیگی کا لچکدار نظام رکھا گیا ہے۔ یعنی بینکوں کو ابتدا میں بھاری سرمایہ کاری نہیں کرنا پڑے گی بلکہ وہ اپنے صارفین کی ضرورت اور استعمال کے مطابق اس پر اخراجات کر سکیں گے۔

نجیب آگرہ والا نے بتایا کہ ون لنک نے سال 2016 میں ہی پاک اسکیم متعارف کروائی تھی۔ اس طرح پاکستان دنیا کا 28واں ملک بنا جس نے اپنی مقامی ادائیگی اسکیم پے پاک متعارف کرایا۔ پاکستان میں پے پاک کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دیگر ممالک نے بھی مقامی ادائیگی کا نظام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ پے پاک کے ذریعے صارفین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور کم لاگت ادائیگی کی سہولیات مسلسل فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس وقت پے پاک ڈیبٹ کارڈ کا استعمال مختلف شعبوں میں مسلسل بڑھ رہا ہے جن میں حکومتی ادائیگیاں، دکانوں پر خریداری، آن لائن شاپنگ اور ریٹیل اسٹورز شامل ہیں۔

نجیب آگرہ والا نے کہا کہ اپنے آغاز کے بعد سے پے پاک صرف ایک کارڈ تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے مختلف اقسام کے کارڈ متعارف کرائے ہیں، جو پاکستانی صارفین کی مختلف ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں کارڈ ہولڈرز اور ان کے اہلخانہ کے لیے خصوصی سہولیات، آن لائن خریداری پر ہفتہ وار رعایتیں، اور ایسے کارڈ بھی شامل ہیں جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ون لنک کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ فی الوقت پے پاک پاکستانی کارڈ مارکیٹ میں 28 فیصد حصہ رکھتا ہے اور اس کے 1کروڑ 61 لاکھ سے زائد کارڈ استعمال میں ہیں جو گزشتہ 10 برسوں میں مسلسل ترقی اور صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔