راولپنڈی: جنسی زیادتی کا مقدمہ جھوٹا ثابت ہوگیا،خاتون کیخلاف قانونی کارروائی شروع

خاتون اور نامزد ملزم کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا، جبکہ خاتون نے مقدمے کی پیروی بھی نہیں کی اور بعد ازاں غائب ہو گئی


ویب ڈیسک June 30, 2026

راولپنڈی کے تھانہ گنج منڈی کی حدود میں بال کاٹنے اور زیادتی کا مقدمہ پولیس تحقیقات کے بعد جھوٹا ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرانے والی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ 2021-22 کے تحت درج نئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ خاتون اور نامزد ملزم کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا، جبکہ خاتون نے مقدمے کی پیروی بھی نہیں کی اور بعد ازاں غائب ہو گئی۔

متنِ مقدمہ کے مطابق خاتون نے بعد میں نامزد ملزم کے ساتھ صلح کر لی اور بیانِ حلفی میں کہا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج کروایا تھا، نیز اس نے ایف آئی آر سے دستبرداری اور مقدمے کی پیروی نہ کرنے کا حلف نامہ بھی ملزم کے حق میں جمع کرایا۔

پولیس کے مطابق زویار رمضان نے یکم جون 2024 کو کرایہ کا مکان دکھانے کے بہانے زیادتی اور بال کاٹنے کا الزام لگا کر مکان مالک شفاعت کو نامزد کیا تھا، تاہم تحقیقات میں مقدمہ بے بنیاد ثابت ہونے پر پہلے اسے خارج کیا گیا اور اخراج کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔