بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر ہلدیہ میں واقع ہلدیہ پیٹروکیمیکل لمیٹڈ کی آئل ریفائنری میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہوگئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ منگل کی صبح تقریباً 4 سے 5 بجے کے درمیان پیش آیا، جب ریفائنری کی ایک پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی، جس کے باعث جائے وقوع پر موجود متعدد کارکن جھلس گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریفائنری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آتشزدگی ممکنہ طور پر پائپ لائن سے تیل چوری کی کوشش کے دوران پیش آئی تاہم واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حکام نے واقعے کے بعد متاثرہ حصے کو سیل کر دیا ہے اور ماہرین تکنیکی معائنہ کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
یہ ریفائنری مشرقی بھارت کے اہم صنعتی مراکز میں شمار ہوتی ہے، جہاں مختلف پیٹروکیمیکل مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔