کراچی؛ موٹر سائیکل کی ٹکر سے شہری کو ہلاک کرنے والا ملزم گرفتار

مقدمہ نامعلوم گاڑی و ملزم کے خلاف سعیدآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا


ویب ڈیسک June 30, 2026
فوٹو: فائل

سعید آباد انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پرکارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی ٹکر سے شہری کو ہلاک کرنے میں ملوث ملزم کوگرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سعید آباد انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی ٹکر سے شہری کو ہلاک کرنے میں ملوث ملزم ماجد ولد بابو کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق 17 جون کو حب ریور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے محمد سعید نامی شخص شدید زخمی ہوگیا تھا جو دوران علاج چل بسا تھا۔

حادثے کا مقدمہ نامعلوم گاڑی و ملزم کے خلاف سعیدآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم نے تیز رفتار موٹر سائیکل سے شہری کو ٹکر ماری تھی۔