گینیز ورلڈ ریکارڈز نے ٹوبی نامی بلی کے 10 ماہ کے بچے کو دنیا میں سب سے زیادہ پنجوں کی انگلیوں (28) کا مشترکہ عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دے دیا ہے۔
امریکی ریاست مشیگن کے ہینڈرسن خاندان کی اس بلی کے بچے کی ایک ویٹرنری ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ وہ 28 انگلیوں کے ساتھ پیدا ہوا۔ اس نے 2002 میں کینیڈا کی بلی جیک کے قائم کردہ ریکارڈ کی برابری کی۔
عام طور پر بلیوں کی 18 انگلیاں ہوتی ہیں، جبکہ اضافی انگلیوں والی بلیوں کو پولی ڈیکٹائل کہا جاتا ہے۔
بلی کی مالکن ڈیلانے ہینڈرسن نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار ٹوبی کے پنجے دیکھے تو وہ حیران رہ گئیں۔
ان کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ اس کے اضافی 'انگوٹھے' ہوں گے، لیکن اس کے پنجے دیکھ کر وہ واقعی دنگ رہ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹوبی کے معصوم چہرے اور ہر وقت گنگنانے کی عادت نے انہیں فوراً اپنا گرویدہ بنا لیا اور انہیں محسوس ہوا کہ یہ بلی ان کی زندگی کا حصہ بننے کے لیے ہی آئی ہے۔
مالکان کے مطابق ٹوبی کے اضافی پنجے اس کی صحت یا چلنے پھرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں بنتے۔ اس کے 30 ناخن ہیں، اس لیے صرف ناخن تراشنا معمول سے زیادہ توجہ طلب کام ہے، ورنہ وہ مکمل طور پر ایک صحت مند اور عام بلی کی طرح زندگی گزار رہا ہے۔