پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ہمبن ٹوٹا میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔
قومی ٹیم اسپنر سعید اجمل کی غیر موجودگی میں میدان میں اترے گی اور ان کی جگہ ذوالفقاربابرکو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جنہیں اپنے آپ کو منوانے کا سنہری موقع ملے گا جبکہ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جائے گا ۔ قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، عمر اکمل، یونس خان، فواد عالم شرجیل خان، صہیب مقصود،محمد حفیظ، شاہد آفریدی، محمد طلحہ، وہاب ریاض، جنید خان اور محمد عرفان شامل ہیں تاہم حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کی قیادت انجیلو میتھیوز کریں گے اور ممکنہ طور پر اپل تھرنگا کو حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، آئرلینڈر ٹیم میں تلکرانے دلشان، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، لہیرو تھرمانے، تھسارا پریرا، پراسانے، نووان کلسیکارا، سورج رندیو اور لیستھ ملنگا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی اسپنر سعید اجمل بولنگ ایکشن پر اعتراض کے بعد ان دنوں برسبین میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیں گے۔