اسلام آباد:
پاک فوج نے بلوچستان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بھیجے گئے چار ڈرون کامیابی سے تباہ کر دیے جبکہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان نے بلوچستان کی سرحدی سمت چار ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے جنہیں پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کر لیا۔
سیکیورٹی فورسز نے جدید دفاعی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے چاروں ڈرون فضا ہی میں تباہ کر دیے جس کے باعث دشمن کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کارروائی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کے تسلسل کا حصہ تھی تاہم پاکستان کی دفاعی تیاری اور بروقت ردعمل نے کسی بھی ممکنہ نقصان کو ہونے سے روک دیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان طالبان کی یہ کارروائیاں اپنی عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہیں، جبکہ افغان عوام پہلے ہی طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بیان میں افغان طالبان پر زور دیا گیا کہ وہ دہشت گردی کی سرپرستی ترک کریں خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرامن بقائے باہمی کے اصول اپنائیں اور پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات سے باز رہیں۔
آئی ایس پی آر نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے خلاف ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو افغان طالبان کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار، چوکس اور ہر قسم کی سرحد پار جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت دشمن کی ہر جارحیت کا سخت اور مؤثر جواب آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔