کراچی، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دو ساتھی فرار

گرفتار ملزم کی شناخت یونس خان ولد اللہ ڈوایو کے نام سے ہوئی ہے


اسٹاف رپورٹر July 01, 2026

کراچی:

شہر قائد میں درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے ترجمان کے مطابق درخشاں پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ موٹر سائیکلوں پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

گرفتار ملزم کی شناخت یونس خان ولد اللہ ڈوایو کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے ایک پستول، لوڈ میگزین، متعدد راؤنڈ، موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل تھانہ درخشاں کی حدود سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی تھی جس کا مقدمہ پہلے ہی تھانے میں درج ہے۔

پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں علاج کے بعد اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

 

ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔