فرانس کے اسٹار فٹبالر کائلیان ایمباپے نے فیفا ورلڈکپ میں ایک اور یادگار کارنامہ انجام دیتے ہوئے کئی تاریخی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
سوئیڈن کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں 0-3 کی فتح کے دوران ایمباپے نے دو گول اسکور کیے جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین گول اسکورر بن گئے۔
27 سالہ ایمباپے کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 18 ہو گئی جس کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے میروسلاو کلوزے کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انہوں نے بطور یورپین کھلاڑی فیفا ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جبکہ مجموعی طور پر وہ صرف لیونل میسی کے 19 گولز سے ایک گول پیچھے ہیں۔
اس کے علاوہ گولز اور اسسٹس ملا کر ان کی مجموعی شراکت 22 تک پہنچ گئی جس سے انہوں نے برازیل کے عظیم کھلاڑی پیلے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جبکہ اس فہرست میں میسی 27 شراکت کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
ایمباپے نے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے دسویں ورلڈ کپ گول کے ساتھ برازیل کے رونالڈو نازاریو کا تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
وہ اب ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔
موجودہ ٹورنامنٹ میں ایمباپے کے چھ گول اور دو اسسٹس ہیں جس کی بدولت وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں بھی سب سے آگے ہیں۔
عثمان ڈیمبیلے کے ساتھ ان کی شاندار شراکت داری بھی اس ورلڈ کپ کی سب سے کامیاب جوڑی ثابت ہو رہی ہے۔